وفادار کتا کووڈ 19 سے مرنے والے مالک کا 3 مہینے انتظار کرتا رہا

May 26, 2020

رواں سال فروری، چین کے شہر ووہان میں کووڈ 19 سے متاثرہ شخص کے انتقال کے بعد اُس کا پالتو کتا 3 ماہ تک اسپتال کی لابی میں ہی بیٹھا مالک کا انتظار کرتا رہا۔

اس عالمی وبا کے وقت جب انسان انسان سے دور ہیں ایسے میں پالتو جانور انسانوں سے محبت کی داستانیں رقم کر رہے ہیں ، چین کے صوبے ہوبے میں ایک اپنی نوعیت کا انوکھا، دل کو پگھلا دینے والا واقعہ پیش آیا۔

ہوبے کے شہر ووہان میں پالتو کتے کو فروری میں اسپتال کے باہر اس وقت دیکھا گیا جب اُس کا مالک اسپتال میں 5 دن داخل رہنے کے بعد کورونا وائرس کے سبب چل بسا جبکہ کتا اُس کے انتظار میں وہیں اسپتال کے باہر بیٹھا رہا۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق 7 سالہ زیہاؤ باؤ نامی پالتو کتے کو کئی بار اسپتال لابی سے اٹھایا گیا، کئی بار اُسے دور دراز کے علاقوں میں بھی چھوڑا گیا مگر وہ پھر بھی کسی نہ کسی طرح دوبارہ اسپتال پہنچ کر اپنے مالک کے انتظار میں باہر بیٹھا نظر آتا تھا ۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق پالتو کتے نے بڑے تحمل سے لگاتار 3 مہینے اپنے مالک کا انتظار کیا کہ وہ صحت یاب ہو کر کسی دن باہر آ جائے گا اور اوہ اُس سے ملےگا۔

اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ووہان میں اپریل کے دوران سخت لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد اس کتے کو اسپتال کے اندر ہی موجود سپر مارکیٹ سے کچھ نہ کچھ کھانے کو دیا جاتا رہا۔

اسپتال میں موجود سپر مارکیٹ کے مالک کا کہنا ہے کہ’اسپتال والوں نے مجھے بتایا کہ پالتو کتے زیہاؤ باؤ کا مالک کورونا سے متاثر تھا اور اسپتال میں دم توڑ چکا ہے، پالتو کتے کو اس بات کی خبر نہیں ہے اور اپنے مالک کا انتظار کر رہا ہے۔‘

سپر مارکیٹ کے مالک نے کہا کہ ’اب اُنہیں بھی اس کتے سےانسیت پیدا ہو گئی ہے اور وہ اسے اپنی سپر مارکیٹ میں لے آئے تھے مگر رواں ماہ کے آخر میں زیہاؤ باؤ کو اسپتال سے ووہان کے ’اسمال اینیمل پروٹیکشن سینٹر‘ منتقل کر دیا گیا ہے ۔‘