لندن، نرس اور ڈاکٹر نے اسپتال میں ہی شادی کرلی

May 28, 2020

رواں سال اگست میں طے پائی جانے والی شادی وبائی بیماری کورونا وائرس کے سبب منسوخ کر کے ڈاکٹر اور نرس نے اسپتال ہی میں شادی کر لی۔

عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب جہاں دنیا بھر میں شادی و دیگر تقریبات منسوخ ہو گئیں وہیں چند افراد اس وبا کو خاطر میں لائے بغیر اپنی زندگی کی اہم یادیں اکٹھی کرنے اور ان دِنوں کو یادگار بنانے میں مصروف ہیں ، اسی سلسلے میں لندن کے اسپتال ’ لنڈنز اسٹریٹ تھومس ہوسپٹل‘میں ڈاکٹر اور نرس کی شادی کا دلچسپ واقعہ سامنے آیا جہاں اُنہیں شادی کے لیے خصوصی اجاز ت دی گئی تھی۔

غیر ملکی ویب سائٹ ’بی بی سی نیوز ‘ کے مطابق لندن میں 34 سالہ نرس جین ٹپنگ اور 30 ڈاکٹر انالان نواراتنم کی شادی ہوئی، جہاں اُن کے مہمانوں اور گواہان نے لائیو اسٹریم کے ذریعے آن لائن شادی میں شرکت کی۔

شادی شدہ جوڑے کے مطابق انہوں نے اپنی شادی کی منصوبہ بندی اس وقت کی تھی جب سب صحت مند اور حالات بہتر تھے، ٹپنگ اور انالان نے اپنی شادی اگست میں کرنے کا سوچا تھا، مگراُنہیں شادی کی منصوبہ بندی منسوخ کرنی پڑی کیوں کہ دونوں کے خاندان کے لیے اس وبا کی صورتحال میں بحافاظت شمالی آئر لینڈ اور سری لنکا سے آنا ممکن نہیں تھا۔

لندن کے اسپتال میں بطور نرس خدمات انجام دینے والی ٹپنگ کا کہنا تھا کہ ’ہم چاہتے تھے کہ سب ہماری شادی پر خوشیاں منائیں چاہے ہمارے پیاروں کو ہمیں اسکرین پر دیکھنا پڑے۔‘

30 سالہ ڈاکٹر انالان نواراتنم کا کہنا تھا کہ ’مجھے اس بات کی بہت خوشی ہے کہ ہم دونوں اس رشتے میں بندھ گئے ہیں۔‘

نئے شادی شدہ جوڑے کی جانب سے رشتے داروں کے لیے باقاعدہ آن لائن تقریب منعقد کی گئی جس میں انہوں نے ڈانس بھی کیا۔

اسپتال میں اس تقریب کے انتظامات کرنے والی خاتون ملا ہلبرن کا کہنا تھا کہ ’اس شادی کی تقریب کا حصہ بن کر اچھا لگا۔‘

اس شادی کی خبر سن کا لندن کے ہیلتھ منسٹر میٹ انوک کی جانب سے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ ’ یہ ایک شاندار خبر ہے۔‘