سروس ٹریبونل کا پنشن دینے سے متعلق فیصلہ معطل

May 28, 2020

سروس ٹریبونل کا پنشن دینے سے متعلق فیصلہ معطل

سپریم کورٹ نے سروس ٹریبونل کا پینشن دینے سے متعلق فیصلہ معطل کردیا۔

سپریم کورٹ میں پاکستان ریلوے کے سابق انسپکٹر شاہ محمد کے خلاف اپیل پر سماعت ہوئی۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ شاہ محمد کو پہلے 11 اسکیل پھر 16، پھر 11 پر لایا گیا، اس شخص کی نااہلی سے دو ٹرینیں ٹکرائیں، آٹھ افراد جاں بحق ہوئے، آپ کے ادارے نے اتنا بڑا ایکسیڈنٹ کرنے والے کو دوبارہ نوکری پر رکھا، ریلوے کا محکمہ کیسے چلتا ہے؟۔

دوران سماعت ریلوے کے وکیل کی خاموشی پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔

جسٹس قاضی امین نے ریمارکس دیے کہ یہ حادثہ نہیں ڈیزاسٹر تھا، بڑے افسروں کے خلاف انکوائری کیوں نہیں کی گئی؟

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ انکوائری متعلقہ وزیر اور ایم ڈی کے خلاف ہونی چاہیے تھی۔

2002 میں کوئٹہ ایکسپریس سانحے میں ٹرائل کورٹ سبی نے شاہ محمد سمیت تین افراد کو 14سال قید اور ایک ایک لاکھ روپے جرمانہ کیا تھا، جبکہ ہائیکورٹ نے سزا کم کرکے 5 سال کردی تھی۔