حلیمہ سلطان کا پاکستانیوں کیلئے ایک اور پیغام

May 30, 2020

مسلمانوں کی فتوحات پر مبنی شہرہ آفاق ترکش سیریز’ارطغرل غازی‘ میں حلیمہ سلطان کا مرکزی کردار ادا کرنے والی اسراء بلجیک نے پاکستانیوں سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے ایک پیغام شیئر کیا اور فرنٹ لائن ورکرز کو خراج تحسین پیش کیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں اداکارہ نے لکھا کہ ترکی اور پاکستان میں رہنے والے میرے دوستوں اور فینز کے لیے ایک خوبصورت ملک کی طرف سے خوبصورت پیغام۔

اسراء بلجیک نے فرنٹ لائن کارکنوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے لکھا کہ آئیے ہم سب مل کر فرنٹ لائن کارکنوں کا ساتھ دیں اور اس پیغام کو دنیا بھر میں عام کریں۔

انہوں نے اپنے پیغام میں ایک بار پھر جلد پاکستان کا دورہ کرنے کا عندیہ بھی دیا۔ اسراء نے اپنا پیغام گورنمنٹ آف پاکستان کو بھی ٹیگ کیا۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر سرکاری ٹی وی چینل پر یکم رمضان سے قومی زبان اردو میں نشر کی جانے والی ترکش سیریز ’ارطغرل غازی‘ نے پاکستان میں سب کو ہی اپنے سحر میں جکڑا ہوا ہے۔

سیریز میں مرکزی کردار ادا کرنے والے ارطغرل کی بہادری، مضبوط ایمان، حوصلہ، سب لوگوں کی مخالفت کے باوجود اپنے مقصد پر کھڑے رہنا جیسی خوبیوں نے جہاں پاکستانیوں کو اپنا گرویدہ بنایا ہوا ہے وہیں حلیمہ سلطان نے اپنی خوبصورتی اور شاندار کردار ادا کرنے کی وجہ سے پاکستانیوں کے دلوں میں گھر کیا ہوا ہے۔