صحافی عزیز میمن کے قتل کا ایک ملزم گرفتار

May 30, 2020

سندھ کے شہر نوشہرو فیروز سے تعلق رکھنے والے صحافی عزیز میمن کے قتل کیس میں پولیس نے 5 مفرور ملزمان میں سے مزید ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔

ملزم کو عدالت نے 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا، ملزم ظفر سہتو کی گرفتاری کے بعد صحافی عزیز میمن کے قتل کے الزام میں اب تک گرفتار کیے گئے ملزمان کی تعداد 4 ہو گئی ہے، جبکہ اب بھی 4 ملزمان مفرور ہیں، جس کی تلاش جاری ہے۔

پولیس کی جانب سے ملزم ظفر سہتو کو سخت حفاظتی انتظامات میں کنڈیارو کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

عدالت نے ملزم ظفر سہتو کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

2 روز قبل گرفتار کیے گئے 2 دیگر ملزمان فرحان اور امیر بخش سہتو کو بھی عدالت نے آج جیل بھیج دیا ہے۔

دوسری جانب عدالت میں گرفتار ملزمان کی شناختی پریڈ بھی کرائی گئی جس میں مقتول کے بھائی اور گواہان نے ملزمان کو شناخت کر لیا ہے۔