مسافروں کاائر پورٹس پر ہی کورونا ٹیسٹ لینے پر غور

May 31, 2020

راچڈیل (نمائندہ جنگ)برطانیہ کے سائنسدان اور وزراء نے برطانیہ میں آنے اور جانے والے مسافروں کو سیلف آئسولیشن اور قرنطینہ سنٹرز سے بچانے کیلئے ائر پورٹس پر ہی ان کا کورونا ٹیسٹ لینے پر غور شروع کر دیا ہے جس سے ہوا بازی کی صنعت کو فروغ دینے میں مدد مل سکتی ہے۔ ہیتھرو ائر پورٹ پر کورونا کا سراغ لگانے کیلئے آزمائشی مراحل میں اینٹی باڈیز ٹیسٹ شروع کر دئیے گئے ہیں۔ یونان اور آئس لینڈ میں پہلے ہی ہوائی اڈوں پر مسافروں کو 24گھنٹے میں کورونا وائرس کی ٹیسٹ رپورٹ پیش کر دی جاتی ہے جب کہ ویانا ہوائی اڈے پر 30منٹ میں نتائج فراہم کیے جا رہے ہیں۔ فوری کورونا ٹیسٹ کے نتائج حاصل کرنے کی وجہ سے مسافروں کو سہولت حاصل ہو سکے گی اور عوامی صحت کو نقصان سے بچایا جا سکتا ہے۔ برطانیہ آنے اور جانے والے مسافروں کو 8جون سے 14دن قرنطینہ میں رکھنے کا سلسلہ شروع کیا جا رہا ہے اور نئی پابندیوں کا تین ہفتے بعد جائزہ لیا جائے گا کہ کیا یہ سلسلہ جاری رکھا جائے یا نہیں جن ممالک میں کورونا وائرس خطرناک حد تک نہیں پھیلا ان کے متعلق نرمی کیساتھ سلوک کیا جائے گا۔ سیکرٹری صحت مینٹ ہینکوک نے کہا ہے کہ وہ جلد ہی برطانیہ میں غیر ملکی سفر کی بحالی کے بارے میں پُر امید ہیں اور توقع ظاہر کر رہے ہیں کہ برطانوی عوام جولائی میں بیرون ملک چھٹیوں کا سفر کر سکیں گے ۔