پاکستان میں کورونا سے شرح اموات میں اضافہ تشویشناک ہے، ڈاکٹر عبدالحفیظ

May 31, 2020

مانچسٹر(نمائندہ جنگ )پاکستانی نژاد ڈاکٹروں کی تنظیم ایسوسی ایشن آف پاکستانی فزیشنز اینڈ سرجنز آف دی یوکے کے بانی رکن اور سی ای او ،ڈاکٹر عبدالحفیظ نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے پش نظر لاک ڈائون میں نرمی اور احتیاطی تدبیر اختیار نہ کرنے پر شرح اموات میں اضافہ ہوا جو قابل تشویش ہے، پاکستان میں کورونا وائرس کی وبا کے خطرناک نتائج ہو سکتے ہیں، کیونکہ سماجی فاصلے کو خود حکومتی ارکان بھی نظر انداز کرتے ہوئے عمل نہیں کررہے ہیں، ان تمام افراد کو یاد رکھنا چاہیئے کہ وائرس خطرناک اور کورونا موذی مرض ہے اور جان لیوا بھی ہو سکتا ہے،انہوں نے کہا کہ ترجمان این ڈی ایم اے کےمطابق اس وقت ملک کے 61 اضلاع میں ٹڈی دل موجود ہے۔بلوچستان میں 31، خیبر پختونخواہ میں 11 ، پنجاب میں12 اور سندھ میں 7 اضلاع متاثر ہیں، ٹڈی دل کے حملہ زدہ علاقوں کا سروے اور کنٹرول آپریشن جاری ہے۔ ملک بھر میں 1150ٹیمیں لوکسٹ کنڑول آپریشن میں حصہ لے رہی ہیں۔ ڈاکٹر عبدالحفیظ نے کہا کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ کم ہونے کے ساتھ ساتھ وائرس کی روک تھام کے لیے عملی اقدامات نہیں اٹھائے جارہے ہیں، انہوں نے مذید کہا کہ ہمیں بحیثیت قوم اس مشکل وقت میں تمام تر اختلافات ختم کرکے پوری انسانیت کو بچانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہے۔