ٹرمپ سفید فام بالادستی کی آگ بھڑکا رہے ہیں، ٹیلر سوئفٹ

May 31, 2020

معروف امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ نے امریکا میں سیاہ فام امریکی شہری کی ہلاکت پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو کھری کھری سُناتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ سفید فام بالادستی کی آگ بھڑکا رہے ہیں۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے بیان میں ٹیلر سوئفٹ نےصدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ کی پوری صدارت میں نسل پرستی اور سفید فام بالادستی کی آگ بھڑکانے کے بعد کیا آپ تشدد کی دھمکی دینے سے پہلے اخلاقی برتری کا مظاہرہ کرنے کا اعصاب رکھتے ہیں؟‘

ٹیلر سوئفٹ نے کہا کہ ’نومبر میں ہونے والے انتخابات میں دیکھیے گا جب عوام آپ کو صدارتی عہدے سے ہٹاکر باہر پھینک دےگی۔‘

یاد رہے کہ 25 مئی کو منیسوٹا میں ایک امریکی پولیس اہلکار کے تشدد سے سیاہ فام امریکی شہری ہلاک ہوگیا تھا اور اِس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی جس کے بعد سے امریکا میں سیاہ فام امریکی شہریوں کی جانب سے مظاہرے کیے جارہے ہیں۔