حکومت برآمدات بڑھانے کے لئے پرعزم ہے، عبد الرزاق داؤد

June 02, 2020

اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت و ٹیکسٹائل عبد الرزاق داؤد نے کہا ہے کہ حکومت ٹیکسٹائل، زراعت اور انجینئرنگ سمیت معیشت کے تمام شعبوں پر یکساں توجہ دی رہی ہے تاکہ آئندہ چند ماہ کے دوران ملکی برآمدات کی صلاحیت کو بڑھایا جائے۔ ”اے پی پی“ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران کووڈ۔19 کے باعث برآمدات کی صورتحال ٹھیک نہیں رہی ہے، اپریل 2020ءکے دوران گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں برآمدات میں 54 فیصد کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کے ملکی برآمدات کے فروغ کےلئے موثر اقدامات کئے گئے ہیں ، برآمدات بڑھانے کےلئے ”میڈ ان پاکستان“ پالیسی حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں کہا کہ اس حوالہ سے ایجنڈا کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے پاس ہے، وزارت تجارت صنعتی پیداوار میں اضافہ کےلئے آئندہ بجٹ میں ٹیرف سٹرکچر میں تبدیلی چاہتی ہے تاکہ میڈ ان پاکستان پالیسی کو کامیاب بنایا جا سکے۔