امریکا میں مظاہروں کے باعث کورونا مزید پھیلنے کا خدشہ

June 02, 2020

واشنگٹن( جنگ نیوز) امریکا بھر میں غیر مسلح سیاہ فام شخص جارج فلوئیڈ کی پولیس حراست کے دوران ہلاکت کے خلاف عوامی مظاہرے جاری ہیں جس کے بعد امریکی حکام نے کورونا وائرس مزید پھیلنے کے خطرے سے خبردار کیا ہے۔غیرملکی میڈیا کےمطابق اٹلانٹا کی میئر کیشا لینس بوٹمز نےکہاہےکہ اگر آپ کل رات باہر مظاہرے کر رہے تھے تو آپ کو اسی ہفتے کووِڈ کا ٹیسٹ کروانا چاہیے،ان کے خدشات سے ملتے جلتے خدشات کا اظہار واشنگٹن ڈی سی کی میئر میوریئل باؤزر نے بھی کیا، جنہوں نےامریکی میڈیا کو بتایا کہ مظاہرین کو خود ساختہ تنہائی اختیار کرنے اور ٹیسٹ کروانے کے بارے میں سوچنا چاہیے۔ میری لینڈ کے گورنر لیری ہوگن نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ 14دن کے اندر امریکہ بھر میں ہمیں معلوم ہوجائے گا کہ کیا اس سے متاثرین کی تعداد میں زبردست اضافہ ہوا ہے یا نہیں۔