سندھ لاک ڈاؤن میں 30؍جون تک توسیع، اسکولز،کالجز، شادی ہالز بدستور بند

June 02, 2020

سندھ لاک ڈاؤن میں 30؍جون تک توسیع، اسکولز،کالجز، شادی ہالز بدستور بند

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن میں 30؍ جون تک توسیع کرتے ہوئے لاک ڈائون میں مزید نرمی کر دی، اب صوبے میں صبح 6 بجے سے شام 7 بجے تک کاروباری سرگر میوں کی اجازت ہوگی ، تعلیمی ادارے، شادی ہالز، ریسٹورنٹس، سینما، اسپورٹس کلب بدستور بند رہیں گے۔

جلسے جلوس پر پابندی برقرار ہوگی جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ کی بحالی سے متعلق فیصلہ آج ہوگا۔تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے صوبے میں لاک ڈاؤن توسیع کا اعلان کیا ہے جسکے مطابق سندھ میں لاک ڈاؤن کے تحت عائد پابندیوں کا اطلاق 30 جون تک ہوگا۔

محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تعلیمی ادارے شادی ہالز، ریسٹورینٹس اسپورٹس کلبس بند رہیں گے، ہوٹلز اور ریسٹورینٹس سے ٹیک اوے اور ہوم ڈلیوری کی اجازت ہوگی ۔سنیما، تھیٹر، بیوٹی پارلرز، جلسے جلوس اور دیگر عوامی اجتماعات پر پابندی برقرار رہے گی۔

محکمہ داخلہ نے صوبے میں کاروباری سرگرمیوں کیلئے نئے اوقات کار میں اضافہ کر دیا ہے ، اور اب صوبے میں کاروباری سرگرمیاں شام 5بجے کی بجائے شام 7 بجے تک جاری رہیں گی جبکہ یہ اجازت پیر سے جمعہ تک ہی ہوگی۔ تاہم ہفتہ اور اتوار کو مکمل لاک ڈاؤن رہے گا، تمام نقل و حمل کرنے والوں کو لازمی ماسک کا استعمال کرنا ہوگا۔

پبلک ٹرانسپورٹ کے حوالے سے محکمہ داخلہ نے کہا ہے کہ ٹرانسپورٹ سروس کے آغاز سے قبل ٹرانسپورٹرز ایس اوپیز پر عمل کیلئے محکمہ ٹرانسپورٹ کے ساتھ اجلاس کرینگے۔

پبلک ٹرانسپورٹ سروس کو بحال کرنے کا حتمی فیصلہ وزیر ٹرانسپورٹ کے زیر صدارت اجلاس 2 جون کو ہوگا، پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کے دوران سماجی فاصلوں کو برقرار رکھنا ہوگا۔