کراچی کے مختلف پمپس پر پیٹرول اور ڈیزل کی کمی

June 02, 2020

کراچی کے مختلف پمپس پر پیٹرول اور ڈیزل میں عدم دستیابی کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

پیٹرولیم ڈیلرز کا کہنا ہے کہ مختلف کمپنیاں تیل فراہم نہیں کررہیں، نجی کمپنیوں کا کہنا ہے کہ اس قیمت پرتیل کی فروخت میں شدید نقصان ہے، معقول تجاویز کی پیٹرولیم ڈویژن کی سمری ای سی سی نے مسترد کردی۔

دوسری جانب پی ایس او کا کہنا ہے کہ اس کے پاس پیٹرول اور ڈیزل کے ذخائر موجود ہیں، اس لیے سپلائی معمول کے مطابق کی جارہی ہے۔

ذرائع کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہونے کے باعث پمپ مالکان نے پیٹرول کے آرڈر تاخیر سے دیے جس کی وجہ سے اکثر پمپس پر پیٹرول ختم ہوگیا تاہم جہاں پر پیٹرول دستیاب تھا وہاں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔

یاد رہے کہ وزارت خزانہ نے پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 7 روپے 6 پیسے کمی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 74 روپے 52 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔