کراچی میڈیکل اینڈڈینٹل کالج کے 24ملازمین معطل

June 03, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی وسیم اختر نے تنخواہوں سے متعلق انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج (کے ایم ڈی سی )کے 24 ملازمین کو معطل کرکے ان کے خلاف مزید تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے‘ان ملازمین سے پنشن ، پرویڈنٹ فنڈ اور دیگر مراعات بھی واپس لی جائیں گی‘ معطل کئے گئے ملازمین میں گریڈ 20 کے ڈائریکٹر فنانس رفیع مرشد خان، گریڈ18 کے ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس رضوان الحق، گریڈ17 کے آڈٹ آفیسر فنانس بلال مرزا، گریڈ17 کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر فنانس عتیق احمد سمیت دیگر ملازمین شامل ہیں، اعلامیےکے مطابق مارچ 2020 میں پرنسپل کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج نے ادارے کے ملازمین کی تنخواہوں کی مد میں زیادہ رقم کی ادائیگی سے متعلق ایک رپورٹ میئر سیکریٹریٹ بھیجی تھی جس پر میئرکراچی نے فوری طور پر ایکشن لیتے ہوئے کے ایم سی کے اچھی شہرت کے حامل تین سینئر افسران پر مشتمل انکوائری کمیٹی تشکیل دی جس میں کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے سینئر پروفیسرز بھی شامل تھے، کمیٹی نے مکمل غیر جانبداری کے ساتھ دن رات انتھک محنت کرکے مکمل دستاویزات اور ثبوت حاصل کئے اور حتمی رپورٹ میئر کراچی کو پیش کی جس کی روشنی میں کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے 24 ملازمین کو فوری طور پر معطل کردیا ہے۔