سندھ میں 40 کورونا مریض انتقال کرگئے

June 05, 2020

صوبہ سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 1353 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، جبکہ آج مزید 40 مریض انتقال کرگئے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کورونا وائرس سے متعلق بیان میں بتایا کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 1353 نئے کیسز سامنے آئے، آج 40 مزید مریض انتقال کرگئے، جو اب تک کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 7377 ٹیسٹ کیے گئے، جو اب تک کی ٹیسٹس کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ ان ٹیسٹ کے بعد کورونا کے 1353 نئے کیسز سامنے آئے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اب تک مجموعی طور پر 215860 ٹیسٹ کئے گئے ہیں جس میں 34889 مریض سامنے آئے۔

انہوں نے بتایا کہ آج 40 مزید کورونا وائرس کے مریض انتقال کرگئے، اب تک کورونا کے باعث 615 مریض جان کی بازی ہار چکے ہیں، جبکہ 370 مریض تشویشناک حالت میں ہیں۔ جن میں 62 مریض وینٹیلیٹرز پر ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ اس وقت 16487 مریض زیر علاج ہیں، 15156 مریض گھروں میں، 76 آئسولیشن مراکز پر اور 1255 اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج 1005 مریض صحتیاب ہوکر گھروں کو چلے گئے، اب تک 17787 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق کراچی میں نئے 984 کیسز آئے ہیں، ضلع شرقی 282، ضلع وسطی 204، ضلع جنوبی 162، ضلع ملیر 148، ضلع کورنگی 108 اور ضلع غربی80 شامل ہیں۔

حیدرآباد 70، گھوٹکی 41، سکھر 26، خیرپور 25، جیکب آباد 17، لاڑکانہ 14، میرپورخاص 6، کشمور 6، نوشہروفیروز 3، بدین 2، دادو 2، قمبر 2، شکارپور 2، سجاول 1 اور ٹھٹھہ میں 1 کیس رپورٹ ہوا۔