حضرت عمر بن عبد العزیز اوراہلیہ کی قبور سمیت دیگر مزارات کی تباہی کے ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی جائے،علامہ لدھیانوی

June 06, 2020

اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار) اہل سنت و الجماعت کے سربراہ علامہ محمد احمد لدھیانوی نے مختلف عالمی اداروں اور مسلم دنیا کے سفیروں کے نام بھیجے گئے اپنے مراسلے میں مطالبہ کیا ہے کہ شام میں بشار الاسد کی حامی ملیشیا فورس کی جانب سے حضرت عمر بن عبد العزیز اور ان کی اہلیہ کی قبور سمیت دیگر تاریخی آثار، اسلامی یادگاروں اور دیگر مقدس شخصیات کی قبور و مزارات کی تباہی کے ذمہ داروں کے خلاف عالمی سطح پر کارروائی کی جائے۔اہل سنت و الجماعت کے پریس ریلیز کے مطابق مراسلے میں کہا گیا ہے کہ اس سلسلے میں سخت باز پرس کے ساتھ شام میں موجود باقی تاریخی اور اسلامی آثار،ثقافتی و اسلامی ورثے کی حفاظت کیلئے ٹھوس عملی اقدامات کیے جائیں۔علامہ احمد لدھیانوی نے اقوام متحدہ، یونیسکو، یو این ہیومن رائٹس کونسل، یورپی یونین، او آئی سی، رابطہ عالم اسلامی، عرب لیگ، اسلام آباد میں موجود مسلم ممالک کے سفارتخانوں اور ایران کی وزارت ثقافت کو تحریری یاد داشت ارسال کی جس میں اِدلب کے واقعے پر تشویش اور دکھ کا اظہار کیا گیا۔