تنگ نظری اور تعصب ادب کی ترقی میں رکاوٹ ہیں:عاصم علی شاہ

June 18, 2020

انجمن ترقی پسند مصنفین برطانیہ کا خصوصی اجلاس عاصم علی شاہ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عاصم علی شاہ نے کہا کہ تنگ نظری اور تعصب ادب کی ترقی میں رکاوٹ ہیں۔ اجلاس میں مرکزی مجلس عاملہ کے اراکین اکرم قائم خانی، محترمہ دلویر کور، درشن بلندوی، گُرنام ڈھلوں، کنول دھلیوال، محترمہ کلونت ڈھلوں، مہندر پال، محترمہ نور ظہیر، سنتوک دھلیوال، محترمہ تاجندر سگو اور وقاص بٹ نے شرکت کی۔

کورونا وائرس کی وجہ سے ہونے والے لاک ڈاؤن کے باعث اجلاس کو آن لائن منعقد گیا گیا تھا۔

اپنے تعارفی کلمات میں عاصم علی شاہ نے کہا کہ انجمن ترقی پسند مصنفین برطانیہ کی ادبی تنظیموں میں ایک نمایاں مقام رکھتی ہے اور برصغیر پاک و ہند سے تعلق رکھنے والے برطانیہ میں مقیم ترقی پسند ادیبوں اور فنکاروں کی نمائندہ، خودمختار اور جمہوری تنظیم ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نامور ادیبہ محترمہ نور ظہیر نے تجویز پیش کی کہ ہمیں مستقبل میں اہم تخلیقی لوگوں کے کاموں اور زندگی کی یاد دلانے کے لئے خصوصی دن منانا چاہئیں اور اگلے برس ساحر لدھیانوی کی صد سالہ تقریب کو انکے شایان شان منانا چاہئے۔

انہوں نے یہ بھی مشورہ دیا کہ کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال کے مدنظر تمام شعبوں کے عظیم فنکاروں کے کاموں کو منانے کے لئے ماہانہ پروگراموں کو آن لائن شروع کیا جانا چاہئے۔ تمام ممبروں نے ان تجاویز سے اتفاق کیا اور اس ضمن میں حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پنجابی کتاب ترقی پسند تحریک ’تپدیاں ُرتّاں دے شاعر‘ کی تقریب رونمائی منعقد کی جائے- اجلاس کے شرکا نے اس کتاب کو ترقی پسند ادب میں ایک گراں قدر اضافہ قرار دیا اور طے پایا کہ جلد ہی لندن میں اس کتاب کی تقریب رونمائی منعقد کی جائے گی۔

محترمہ کلونت ڈھلون کی تجویز پر مجلس عاملہ نےفیصلہ کیا گیا کہ تمام ممبروں اور سرپرستوں کے تخلیقی کاموں پرآن لائن پروگراموں کا ایک سلسلہ شروع کیا جائے گا اور جلد ہی محترمہ دلویر کور کی زیر نظامت معروف شاعر عظیم شیکھر کے ساتھ ایک آن لائن تقریب منعقد کی جائے گی جس میں وہ ناصرف اپنا کلام سنائیں گے بلکہ اپنے ادبی میلان اور شاعری بارے بھی اظہار خیال فرمائیں گے۔

اجلاس میں برطانیہ میں قائم دیگر ادبی تنظیموں اور جمہوری اور عوام دوست فکر رکھنے والے شاعروں، ادیبوں اور فنکاروں کو انجمن ترقی پسند مصنفین میں شمولیت کی دعوت دی گئی۔