کورونا کی خود ساختہ تشریح زرتاج گل کو مہنگی پڑگئی، شدید تنقید

June 22, 2020

کورونا کی خود ساختہ تشریح زرتاج گل کو مہنگی پڑگئی، شدید تنقید

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)کورونا کی خود ساختہ تشریح وزیر مملکت زر تاج گل کو مہنگی پڑگئی، انہیں سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے، اس صورتحال پر وزیر مملکت کو وضاحت دینا پڑی کہ میں کہنا یہ چاہتی تھی کہ وبا کا اثر اور شدت مختلف ممالک میں مختلف ہیں،تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کو’’کوویڈ-19‘‘کانام دیئے جانے کا مطلب ہے کہ اس کے 19 پوائنٹس جوکسی بھی ملک میں کسی بھی طریقے سے اپلائی ہوسکتے ہیں۔ کوویڈ19 کی یہ تشریح وزیرمملکت زرتاج گل نے گزشتہ روز ایک پروگرام میں کی تھی جو خودساختہ معلومات محض قیاس پرمبنی تھیں وزیرمملکت کو یہ تشریح بالخصوص سوشل میڈیا پرخاصی مہنگی پڑ گئی اور انھیں اس حوالے سے خاصی تنقید کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ یہ تنقید اور ان کی معلومات کا تمسخر اڑانے کا سلسلہ اتنا جارحانہ اور مسلسل ہے کہ بالاآخر انھیں سوشل میڈیا پر ہہی اس کی وضاحت دینی پڑی۔ اپنے ایک ٹوئٹ میں زرتاج گل نے لکھا۔ میں روزانہ میڈیا پرگھنٹوں بات کرتی ہوں پرچی کے بغیر ، میں کہنا یہ چاہتی تھی کہ وبا کا اثر، شدت مختلف ممالک میں مختلف ہیں۔ چند لمحوں کی خطا پریوں ’’ماتم کناں‘‘ ہونے کی بجائے اپنی جماعتوں کے حشرنشرپرتوجہ دیں تو شاید یہ ان کے حق میں بہترہوگا۔ تنقید سے نہیں گھبراتی اورمضبوط ہوتی ہوں۔ لیکن وزیرمملکت کی جانب سے اپنی غلطی کا اعتراف اوروضاحت میں لفظوں کی ’’سیاسی آمیزش‘‘ نے بات ختم کرنے کی بجائے اس میں مزید تیزی پیدا کردی اورسوشل میڈیا پراب انھیں سیاسی حوالے سے بھی مخالفت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔