افسران کرپشن فری پاکستان کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں، چیئرمین نیب

June 22, 2020

افسران کرپشن فری پاکستان کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں، چیئرمین نیب

کراچی (ٹی وی رپورٹ) چیئرمین قومی احتساب بیورو( نیب) جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب افسران کرپشن فری پاکستان کی پالیسی پر عمل کررہے ہیں۔ ایک بیان میں چیئرمین نیب نے کہاکہ فارنزک سائنس لیبارٹری سے انکوائری اور انویسٹی گیشن کے معیار میں بہتری آئی۔ انہوں نے کہاکہ احتساب عدالتوں میں نیب کےمقدمات میں سزا کی شرح 68 فیصد سے زیاد ہے، نیب بدعنوانی سےآہنی ہاتھوں سے نمٹنے اور اسے جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے پرعزم ہے۔ جسٹس (ر) جاوید اقبال نے ہدایت کی کہ نیب افسران بدعنوان عناصر کو قانون کے کٹہرےمیں لانے کے لیےکوششوں کو دگنا کریں۔ ان کا کہنا تھاکہ نیب کےکسی ایک افسر یا اہلکار کے اثر و رسوخ کی بناء پر مقدمات بند کرنا ناممکن ہے۔ چیئرمین نیب نے مزید کہا کہ نیب نے سی پیک منصوبوں میں بدعنوانی کی روک تھام کے تناظرمیں مفاہمت کی یادداشت پرستخط کئے ہیں۔جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہاکہ نیب آرڈیننس 1999ءمیں لوٹی گئی رقم کی وصولی پر زور دیا گیا ہے۔