لاک ڈاؤن کے دوران شدید ڈپریشن کا سامنا کرنا پڑا، زارا نور عباس

June 25, 2020

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ زارا نور عباس نے ذہنی صحت کے بارے میں بات کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ اُنہیں لاک ڈاؤن کے دوران کلینیکل ڈپریشن کا سامنا کرنا پڑا تھا اور ڈاکٹروں نے اُنہیں اس کا علاج کروانے کی ہدایت بھی کی تھی۔

حال ہی میں زارا نور عباس نے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام کی اسٹوری میں اپنی ذہنی صحت کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’لاک ڈاؤن کے دوران مجھے شدید ڈپریشن اور ذہنی تناؤ کا سامنا کرنا پڑا تھا لیکن میں نے اس پر توجہ نہیں دی تھی۔‘

زارا نور عباس نے لکھا کہ ’مجھے لگا تھا کہ شاید کام کے دباؤ کی وجہ سے میں تھکاوٹ محسوس کر رہی ہوں۔‘

اداکارہ نے لکھا کہ ’جب میری پریشانی مزید بڑھتی گئی تو میں نے اس پر توجہ دی جس کے بعد مجھے معلوم ہوا کہ مجھ میں کلینیکل ڈپریشن کی تشخیص ہوئی ہے۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’ڈاکٹروں نے مجھے اس کے لیے ادویات اور کچھ تھیراپی کرنے کی ہدایت دی جو میں نے اُن کی ہدایت کے مطابق کیں۔‘

زارا نور عباس نے انسٹاگرام کی اپنی اگلی اسٹور ی میں ساتھی فنکاروں اور اپنے مداحوں پر زور دیتے ہوئے لکھا کہ ’ہمارے لیے یہ بے حد ضروری ہے کہ ہم ذہنی صحت کے بارے میں بات کریں۔‘

اداکارہ نے لکھا کہ ’آپ سب یہ بات یاد رکھیں کہ ذہنی مسئلے کو قبول کرنا شفایابی کی طرف ہمارا پہلا قدم ہوتا ہے۔‘

واضح رہے کہ ڈپریشن کی وجہ سے خودکشی کرنے والے بھارتی اداکار سوشانت سنگھ کی موت کے بعد سے بھارتی فنکار سمیت پاکستانی شوبز ستارے بھی سوشل میڈیا پر ذہنی صحت اور ڈپریشن کے حوالے سے اپنے تجربات مداحوں سے شیئر کرتے نظر آرہے ہیں۔