بھارتی سینئر سفارکار کی دفتر خارجہ طلبی، جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی پر احتجاج

June 26, 2020

پاکستان نے بھارتی سینئر سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کرکے جنگ بندی معاہدےکی بار بار خلاف ورزی پر شدید احتجاج کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی فورسز نے 25 جون کو کنٹرول لائن پر بلا اشتعال فائرنگ کی، جس سے 28 سالہ مدیحہ حفیظ شدید زخمی ہوئی۔

پاکستان نے بھارتی فورسز کی طرف سے شہری آبادیوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانے کی مذمت کی۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت نے اس سال اب تک 1487 بار ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر سیزفائر کی خلاف ورزیاں کی ہیں، جبکہ بھارتی خلاف ورزیوں کے نتیجے میں 13 پاکستانی شہری شہید اور 106 زخمی ہوئے ہیں۔

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی فورسز کی طرف سے شہری آبادیوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا قابل مذمت ہے، اس قسم کی خلاف ورزیاں 2003 کے جنگ بندی معاہدے کے خلاف ہیں۔