بھارت مقبوضہ کشمیر میں کورونا وائرس سے اپنے مقاصد حاصل کررہا ہے، عبدالمجید ترمبو

June 30, 2020

کوونٹری ( نمائندہ جنگ ) بین الاقوامی تنظیم احرام اور آرگنائزیشن آف کشمیر کولیشن یو این کے مستقل نمائندے بیرسٹر مجید ترمبو نے کہاہے کہ دنیا انسانیت کی جانوں کے تحفظ میں مصروف ہے، ہر ملک اپنی عوام کی جانوں کو بچانے کے لئے لاک ڈاؤن کے عمل سے گزر رہا ہے جب کہ دوسری طرف بھارت کورونا وائرس سے اپنے مفادات حاصل کر رہا ہے، معصوم کشمیریوں کو بندوق کی نوک پر گھروں میں قید کر رکھا ہے اورکشمیریوں سے تھانے اور جیل بھر رہا ہے جس سے اموات ہو رہی ہیں، ان حالات میں دنیا کو بھارت کا بائیکاٹ کیا جانا چاہئے۔ بیرسٹر ترمبو نے کہا کہ یہ وقت بھارت کے خلاف متحد ہونے کاہے، بھارت کشمیریوں پر ظلم ڈھا رہا ہے آبادی کا تناسب تبدیل کرتے کرتے اب دوسرے ایسے غیر قانونی اقدامات کر رہا ہے جس سے مقبوضہ کشمیر اور کشمیریوں کی پہچان ختم کی جارہی ہے۔ انھوں نے حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق کو زبردست انداز میں خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے بروقت آواز بلند کرتے ہوۓ عالمی طاقتوں کو بھارت کے مذموم مقاصد سے آگاہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی آڑ میں جہاں قابض بھارتی انتظامیہ کشمیر سے باہر کے لوگوں کو کشمیر میں لا کر آباد کرنے کے قابل مذمت منصوبے پر عمل کر رہی ہے، وہاں اس نے کشمیرکی معدنیات اور قدرتی ذخائر کو بھی غیر کشمیری لوگوں کے حوالے کرنا شروع کر دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہندو ٹھیکیداروں اور سرمایہ کاروں کو کشمیر لا کر ایک منصوبے کے تحت انھیں مقامی معدنیات اور دوسرے قدرتی وسائل کے ٹھیکے سستے داموں دیئے جا رہے ہیں۔ دریائے جہلم اور اس میں شامل ہونے والے دریائوں اور ندیوں کے کناروں پر واقع علاقوں میں غیر کشمیری لوگوں کو معدنیات اور دوسرے ٹھیکے دیئےگئے جب کہ دوسری طرف کشمیر کے باشندے لاک ڈائون اور کورونا وائرس کی وجہ سے مسلسل بے روزگار ہو رہے ہیں اور دو وقت کی روٹی پوری کرنا ان کیلئے مشکل ہو رہا ہے، کشمیر کے وسائل غیر کشمیری لوگوں کے حوالے کئے جا رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ قابض انتظامیہ کا یہ ایک اور غیر قانونی اقدام ہے جسے کشمیری قبول نہیں کریں گے اور اس کیخلاف احتجاج جاری رکھیں گے۔ انھوں نے کہا کہ کشمیری عوام اس صورتحال پر خاموش نہیں رہے گی اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈوں سے کشمیر میں زمینی حقائق تبدیل نہیں کئے جا سکتے، حریت لیڈرز بھارت کو دنیا بھر میں بے نقاب کریں گے جب کہ بھارت کے خطرناک عزائم پر یورپین یونین اور جنیوا انسانی حقوق کمیشن کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے تاکہ ایک وفد فی الفور مقبوضہ کشمیر کا دورہ کرے۔ بیرسٹر ترمبو نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے بعد بھارت کو دن میں تارے دکھانے کا وقت آن پہنچا ہے اب بھارت کو انصاف کے کٹھرے میں کھڑا ہونا ہو گا کیونکہ ظلم کے بعد ہمیشہ انصاف اپنا راستہ بناتا ہے۔ بیرسٹر ترمبو نے کہا کہ وہ آئندہ چند روز بعد یورپین میڈیا کو بھی مقبوضہ کشمیر کی تازہ صورتحال اور بھارت کے مظالم سے آگاہ کریں گے۔