انٹیلی جنس اطلاع اور پولیس کی مستعدی، اسٹاک ایکسچینج حملہ ناکام

June 30, 2020

اسلام آباد (انصار عباسی) بروقت انٹیلی جنس معلومات کی فراہمی کے ساتھ پولیس اور سیکورٹی حکام کی مستعد کارروائی کے نتیجے میں بھارت نواز بی ہے کہ انٹیلی جنس ایجنسیوں نے اطلاع دی تھی کہ دہشت گرد کراچی میں کچھ مقامات پر حملہ کر سکتے ہیں۔

انٹیلی جنس انتباہ بھی جاری کیے گئے ان میں سے ایک میں واضح طور پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو دہشت گردوں کے ممکنہ ہدف کے طور پر دکھایا گیا تھا۔ ان اطلاعات کے بعد، کراچی پولیس نے پی ایس ایکس کی سیکورٹی بڑھا دی اور کمانڈوز کی ایک ٹیم تعینات کر دی تھی۔ پی ایس ایکس کی نجی سیکورٹی میں بھی اضافہ کر دیا گیا تھا۔

کراچی پولیس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت نواز بی ایل کے پی ایس ایکس کی عمارت پر حملے کے تناظر میں ہماری تیاری کی وجہ سے ہی فوری کارروائی ممکن ہوئی اور دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔ پیر کے حملے سے کچھ دن قبل، انٹیلی جنس الرٹ جاری کیا گیا تھا جس میں پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کو خبردار کیا گیا تھا کہ حملے کا امکان ہے۔

رپورٹ میں تجویز دی گئی تھی کہ پی ایس ایکس کے اندر اور باہر پولیس کی نفری میں اضافہ کیا جائے۔ الرٹ کے مطابق، پی ایس ایکس ملک میں ایک اہم کاروباری مقام ہے۔

انٹیلی جنس الرٹ میں پی ایس ایکس میں سیکورٹی کی سطح پر بھی بات کی گئی تھی اور خدشہ ظاہر کیا گیا تھا کہ دہشت گرد پی ایس ایکس میں گھس کر سرگرمیوں کو سبوتاژ کر سکتے ہیں، ’’لہٰذا تجویز دی جاتی ہے کہ پی ایس ایکس کے اندر اور باہر پولیس کی نفری میں اضافہ کیا جائے، یہ بات قابل ذکر ہے کہ پی ایس ایکس کی عمارت کے پیچھے ریلوے ٹریک کا علاقہ غیر قانونی سرگرمیوں کا گڑھ ہے جسے دہشت گرد پی ایس ایکس پر حملہ کرنے کیلئے استعمال کر سکتے ہیں۔‘‘

تجویز تھی کہ سیکورٹی انتظامات سخت اور پی ایس ایکس کی عمارت کے پیچھے جہاں ریلوے ٹریک ہے، نئی پولیس چوکیاں قائم کی جائیں۔ اس انٹیلی جنس رپورٹ کی روشنی میں پولیس نے سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا اور ممکنہ حملہ روکنے کیلئے اقدامات کیے۔ پیر کو جب دہشت گردوں نے عمارت پر حملہ کیا تو وہاں تعینات پولیس اہلکاروں اور نجی سیکورٹی گارڈز نے انہیں فوراً کنٹرول کرلیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، حملہ ناکام بنانے کے دوران پولیس سب انسپکٹر اور دو سیکورٹی گارڈز شہید ہوگئے۔ چاروں مسلح دہشت گرد مارے گئے۔ دہشت گردوں کے پاس بہت زیادہ اسلحہ اور جدید ساز و سامان تھا، یہ لوگ پی ایس ایکس کے پارکنگ ایریا سے عمارت میں داخل ہوئے لیکن کسی تباہی سے قبل ہی انہیں ہلاک کر دیا گیا۔

انسداد دہشت گردی محکمے کے انچارج راجہ عمر خطاب نے کہا کہ دہشت گردوں نے طویل لڑائی کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی لیکن ان کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا گیا۔

دہشت گرد تنظیم بی ایل اے نے حملے کی ذمہ داری قبول کی اور کہا کہ یہ تنظیم کی مجید بریگیڈ تھی جس نے پی ایس ایکس کو نشانہ بنایا۔