اسکاٹ لینڈ میں کورونا خاتمہ کے قریب، چار دن سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی

July 01, 2020

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) اسکاٹ لینڈ میں کورونا سے متعلق صورت حال میں تیزی کے ساتھ بہتری آرہی ہے اور گزشتہ4دن سے اس وبا کے باعث کوئی موت واقع نہیں ہوئی جب کہ پہلےنئے کیسز کی تعداد430روزانہ تھی اب یہ ایک عددی ہندسے پر آگئی۔ اسکاٹش حکومت کی کورونا پر ایڈوائزری کمیٹی کی ممبر اور گلاسگو یونیورسٹی کی پروفیسر دیوی سریندر نے کہا کہ اگر حالات اسی طرح تیزی کے ساتھ بہتر ہوتے رہے تو ہم اس سال گرمیوں کے آخر تک کورونا سے نجات حاصل کرلیں گے اور پھر ہمارے لیے اصل چیلنج یہ ہوگا کہ انگلینڈ اور بیرون ملک سے جو افراد کورونا لے کر آئیں گے ان سے کیسے نمٹا جائے۔ فی الحال ہم اسکاٹ لینڈ میں کورونا کو دبانے کے مرحلے سے گزر رہے ہیں اور ہمارا عوام کے لیے یہی پیغام ہے کہ ابھی گھروں کے اندر ہی رہیں۔ اسکاٹ لینڈ میں ہمارا ٹیسٹ اینڈ پروٹیکٹ پروگرام بڑی کامیابی کے ساتھ کام کررہا ہے اور ہم سامنے آنے والے نئے مریضوں کے ملاقاتیوں کا بھی ٹیسٹ کرکے کورونا کو قابو کررہے ہیں۔ اسکاٹ لینڈ میں کورونا لاک ڈائون کی پابندیاں نرم کرتے ہوئے گزشتہ روز سے غیر ضروری اشیا کی خریداری کی دکانیں اور شاپنگ سینٹرل کھول دئیے گئے ہیں، بشرطیکہ ان کے دکان کے اندر جانے اور باہر نکلنے کے اپنے علیحدہ راستے ہوں۔ غیر ضروری اشیا کی دکانیں کون سا اسکاٹ لینڈ میں زندگی معمول کی طرف لانے میں سب سے بڑا قدم ہے اور وہ ٹائون سینٹر جہاں مکمل خاموشی تھی، اب نئے سرے سے زندگی کی چہل پہل شروع ہوگئی ہے، لوگ شاپنگ سینٹر کھلنے کے بارے میں اتنے پرجوش تھے کہ وہ روزمرہ استعمال کروڑوں وغیرہ ایک سستے اسٹور کے باہر بارش کے باوجود صبح پونے چھ بجے پہنچ گئے، حالانکہ اسٹور نے8بجے کھلنا تھا اور اسٹور کھلنے تک وہاں سو سے زیادہ افراد لائن بناکر کھڑے تھے۔ اسکاٹ لینڈ کے چیف مکینیکل آفیسر پروفیسر لیچ کا کہنا تھا کہ لوکل معیشت کو سپورٹ کرنے کے لیے دکانوں کو کھولا گیا ہے لیکن لوگ اس کو باکسنگ ڈے کی سیل نہ سمجھیں، بارش کی وجہ سے سٹی سینٹر میں زیادہ رش نہیں دیکھا گیا۔ اسکاٹ لینڈ میں پیر سے تفریحی مقامات مثلاً چڑیا گھر وغیرہ بھی کھول دیے گئے لیکن آپ تب ہی وہاں جاسکیں گے اگر یہ آپ کی رہائش گاہ کے پانچ میل کی حدود کے اندر ہوں، نیز داخلے کے لیے ٹکٹ آپ کو پہلے خریدنے ہوں گے، آئوٹ ڈور مارکیٹیں، ویئر ہائوسز، فیکٹریاں اور لیبارٹریز وغیرہ بھی کھول دی گئی ہیں۔ آئوٹ ڈور شادیوں کی اجازت بھی دے دی گئی ہے، لیکن ان کے لیے مہمانوں کی تعداد محدود کردی گئی ہے۔ ان تمام سہولیات کے ساتھ حفظان صحت کے اصولوں کی پابندیاں ابھی پوری طرح برقرار ہیں۔ اسکاٹش حکومت کی سربراہ نکولا سٹرجن نے کہا ہے کہ لوگ رش والے مقامات پر جانے سے پرہیز کریں اور اگر جائیں تو ماسک پہنیں اور دو میٹر کا فاصلہ برقرار رکھیں۔ ہاتھوں کو دھوئیں، اگر کسی کو خود کے متعلق کورونا کا شک گزرے تو فوراً خود کو دوسروں سے علیحدہ کرلیں۔