کورونا ٹیسٹ منفی آنے پر مزید 6 قومی کرکٹرز انگلینڈ جائیں گے

July 01, 2020

کورونا وائرس ٹیسٹ کے نتائج منفی آنے پر 6 مزید قومی کرکٹرز 3 جولائی کوانگلینڈ کے لیے روانہ ہوں گے ۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ذرائع کے مطابق کورونا ٹیسٹ منفی آنے پر 6 مزید قومی کرکٹرز 3 جولائی کو انگلینڈجائیں گے، کرکٹرز کا کورونا ٹیسٹ منفی آنے کے بعد سفری پلان کو آج حتمی شکل دی جائے گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق انگلینڈ روانگی کے کے لیے دو مختلف فلائٹس زیر غو ر ہیں جس کے لیے حتمی فیصلہ آج کیا جائے گا ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چھ کرکٹرز کے ایک نجی لیب سے بھی کورونا ٹیسٹ کروا لیے گئے ہیں، غیر ملکی ایئر لائن جس لیب سے ٹیسٹ تسلیم کرتی ہے اس سے آج ٹیسٹ کرائے گئے ہیں ، چھ کھلاڑیوں میں محمد حفیظ، محمد رضوان، وہاب ریاض، حسنین، شاداب اور فخر زمان شامل ہیں ۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ کرکٹرز مانچسٹر پہنچنے کے بعد بذریعہ بس ووسٹر جائیں گے ، ووسٹر پہنچنے پر کرکٹرز کے دوبارہ کوویڈ 19 ٹیسٹ ہوں گے۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق منفی رزلٹ آنے پر کرکٹرز کو دیگر اسکواڈ کے ساتھ شامل کر لیا جائے گا جبکہ 6 کرکٹرز دو کوویڈ 19 ٹیسٹ منفی آنے پر انگلینڈ جانے کے اہل ہوئے ہیں۔