سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پروٹوکول پر پابندی لگادی

July 02, 2020

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پروٹوکول پر پابندی لگادی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملک کے تمام ایئر پورٹس پر مسافروں کے پروٹوکول پر پابندی عائدکر دی ہے۔اس سلسلے میں سی اے اے نے اندرون ملک پروازوں، چارٹرڈ اور پرائیویٹ طیاروں کے مسافروں اور عملے کے لیے نیا ہدایت نامہ جاری کر دیاہے۔یہ ہدایت نامہ 31 اگست تک کار آمد ہوگا، اس میں کہا گیا ہے کہ ایئر پورٹ پر مسافروں کو پروٹوکول نہیں دیا جائے گا، مسافر اور عملے کے علاوہ کسی شخص کو پارکنگ سے آگے نہ جانے دیا جائے، ایئر پورٹ منیجرز سماجی فاصلے کو یقینی بنائیں۔ہدایت نامے کے مطابق ایئر پورٹ سیکورٹی فورس (اے ایس ایف)مسافر کے علاوہ کسی کو پارکنگ سے آگے نہیں جانے دے گی۔ہدایات میں کہا گیا ہے کہ بورڈنگ سے قبل جہاز میں جراثیم کش اسپرے کیا جائے، جہاز میں ماسک، گلوز اور حفاظتی سوٹ لازم قرار دیئے گئے ہیں۔