جاپان: پیدل چلتے ہوئے موبائل فون کے استعمال پر پابندی عائد

July 02, 2020

جاپان میں پہلی مرتبہ پیدل چلتے ہوئے موبائل فون کی اسکرین دیکھنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، اس پابندی کا اطلاق فی الحال دارالحکومت ٹوکیو کے قریبی شہر یاماٹو میں کیا گیا ہے۔

اس نئے قانون کی خلاف ورزی پر جرمانہ یا سزا نہیں ہوگی اور اس کا مقصد چلتے ہوئے موبائل سکرین دیکھنے کے خطرات سے آگاہ کرنا ہے۔

یاماٹو کے ریلوے سٹیشن پر اترتے ہی یہ اعلان سنائی دیتا ہے کہ چلتے وقت سمارٹ فون کے استعمال پر پابندی ہے، اپنے فونز اس وقت استعمال کریں جب آپ پیدل نہ چل رہے ہوں۔

ریلوے اسٹیشن پر ہر طرف ہدایات درج ہیں جن کے ذریعے اس نئے قانون کے حوالے سے آگاہ کیا گیا ہے۔ بینرز پر لکھا ہے کہ سڑک، پارکس یا کسی بھی عوامی مرکز میں پیدل چلتے ہوئے موبائل کی سکرین دیکھنے پر پابندی ہے۔

شہریوں کی بڑی تعداد نے اس نئے قانون کی حمایت کی ہے جس میں بڑی عمر کے علاوہ نوجوان بھی شامل ہیں۔