مختلف علاقوں میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر 2 افراد جاں بحق، 3 زخمی

July 03, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) فائرنگ کے واقعات میں2افراد جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق شر یف آباد تھانے کی حدود لیاقت آباد نمبر 10کے قریب فائرنگ سے 40 سالہ محمد عاصم کونامعلوم افراد نے سر میں گولی مار کر قتل کردیا ،مقتول کی لاش کو عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ ڈکیتی میں مزاحمت یا ذاتی دشمنی کا ساخشانہ معلوم ہوتا ہے ۔نیوکراچی صنعتی ایریا تھانے کی حدود نالہ اسٹاپ کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر رکشہ ڈرائیور کو گولی مار کر زخمی کردیا ،جسے طبی امداد کے لئے عباسی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا ، مقتول کی شناخت 40 سالہ محمد رئیس ولد ادریس کے نام سے ہوئی ہے ۔منگھو پیر کے علاقے نادرن بائی پاس افغان کٹ کے قریب نامعلوم مسلح ملزمان نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر 20سالہ دانیال ولد سلطان علی کو زخمی کردیا ۔عوامی کالونی تھانے کی حدود کورنگی بلال چورنگی کے قریب ڈکیتی میں مزاحمت کے دوران ملزمان کی فائرنگ سے 40سالہ غلام رسول زخمی ہو گیا ۔شاہ لطیف ٹاؤن کے علاقے نیشنل ہائی وے کمپیوٹر سائنس کالج کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے 33سالہ ساجد علی زخمی ہوگیا، پولیس کے مطابق زخمی کو ایک گولی سینے پر لگی ہے ۔