ورلڈ بینک کے تعاون سے 38 نالوں کی صفائی کے کام کا آغاز

July 03, 2020

ورلڈ بینک کے تعاون سے 38 نالوں کی صفائی کے کام کا آغاز

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی کے 38نالوں کو صاف کرنے کے کام کا جمعرات کو آغاز کر دیا گیا. ورلڈ بینک کے پروجیکٹ (Click)کے تحت نالوں کو45دنوں میں صاف کرنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے جس پر 8ملین ڈالر (تقریباً ایک ارب روپے) لاگت آئے گی۔ نالوں کی صفائی کا آغاز محمود آباد سے کیا گیا جہاںمنعقدہ تقریب میں وزیربلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ اور میئر کراچی وسیم اختر نے نالوں کی صفائی کا افتتاح کیا ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کراچی میں نالوں کی صفائی ایک دیرینہ مسئلہ ہے جسے اب ورلڈ بینک کے تعاون سے حل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ برساتی نالوں کی صفائی کے حوالے سے متعدد بار وزیراعلیٰ سندھ اور وزیر بلدیات کی توجہ دلائی گئی ہے کیونکہ برساتی نالے اب سیوریج نالوں میں تبدیل ہوگئے ہیں اور کچرے کی وجہ سے یہ نالے بعض جگہوں پر مکمل طور پر چوک ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سند ھ کے اس اقدام کو سراہتے ہیں اور اُمید کرتے ہیں کہ نالوں کی صفائی کا کام عارضی نہیں بلکہ مستقل بنیادوں پر کیا جائے گا۔