کورونا سے صحت یاب ہونے والوں میں سندھ سب سے آگے ہے ، بلاول

July 03, 2020


چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ کورونا سے صحت یاب ہونے والے مریضوں میں سندھ سب سے آگے ہے۔ صوبے میں 46 ہزار 824 افراد کورونا وائرس کو شکست دے چکے ہیں۔

ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ میں صحت یاب ہونے والے افراد کا تناسب ملک بھر میں کورونا کو شکست دینے والے ایک لاکھ افراد کا 46 فیصد ہے، یوں کورونا کو شکست دینے والوں میں سندھ سب سے آگے ہے۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ اب تک کے اعداد و شمار کے مطابق صوبہ سندھ میں 89 ہزار 225 افراد میں کورونا کی تصدیق کی گئی، جن میں سے 49 ہزار 926 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

بلاول بھٹو کا مزید کہنا ہے کہ ملک بھر میں کورونا سے صحت یاب افراد کی تعداد ایک لاکھ 13 ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔