ملکی برآمدات 3 سال کی کم ترین سطح تک گرگئیں، ادارہ شماریات

July 03, 2020

ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ ملکی برآمدات 3 سال کی کم ترین سطح تک گر گئی ہیں، مالی سال 2019-20 میں برآمدات میں 6.84 فیصد کمی ہوئی ہے، گزشتہ مالی سال میں برآمدات 21 ارب 38 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز رہی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق مالی سال 2018-19 میں برآمدات 22 ارب 95 کروڑ 80 لاکھ ڈالرز تھیں، گزشتہ مالی سال تجارتی خسارے میں 27.11 فیصد کمی ہوئی، مالی سال 2019-20 میں تجارتی خسارہ 23 ارب 18 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز رہا۔

ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ گزشتہ مالی سال درآمدات 18.61 فیصد کم ہوئیں، مالی سال 2019-20 میں درآمدات کا حجم 44 ارب 57 کروڑ ڈالرز رہا۔

رپورٹ کے مطابق سالانہ بنیاد پر جون 2020 میں برآمدات میں 6.52 فیصدکمی ہوئیں، جبکہ سالانہ بنیاد پر جون 2020 میں تجارتی خسارہ 19.89 فیصد کم ہوا اور جون 2020 میں سالانہ بنیاد پر درآمدات میں 14.66 فیصد کمی ہوئی۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ماہانہ بنیاد پر جون 2020 میں برآمدات میں 14.04 فیصد اضافہ ہوا، جون 2020 میں ماہانہ بنیاد پر تجارتی خسارہ 44.72 فیصد رہا اور جون 2020 میں درآمدات 29.76 فیصد بڑھ گئیں۔