سندھ گورنمنٹ سروسز اسپتال، بھرتیاں منسوخ ہونے پر امیدواروں کا احتجاج

July 04, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ گورنمنٹ سروسز اسپتال کراچی میں ہونے والی بھرتیاں منسوخ کردی گئیں جس کے باعث واک ان انٹرویو کے لئے آنے والے امیدواروں نے اسپتال کے باہر احتجاج کیا ۔جمعے کو سروسز اسپتال میں واک ان انٹرویوز کے لئے بلائے جانے والے امیدواروں کو اسپتال انتظامیہ نے اسپتال کے اندر جانے سے روک دیا، جس پر امیدواروں کی جانب سے اسپتال کے باہر احتجاج کیا گیا، امیدواروں میں خواتین کی بھی بڑی تعداد شامل تھی، امیدواروں کا کہنا تھا کہ آج واک ان انٹرویو کے لیےبلایا گیا تھا، کورونا کی وبائی صورتحال کے پیش نظر عارضی بنیادوں پر بھرتیاں ہونی تھی، ہم اندرون سندھ سے آئے ہیں، تین جولائی کو واک ان انٹریوز کے لئے بلایا گیا تھا، مگر یہاں آئے تو اچانک انٹرویو کینسل کردئیے گئے، اس حوالے سے ایم ایس سندھ سروسز اسپتال ڈاکٹر فرحت کا کہنا تھا کہ اسپتال میں کوئی ہنگامہ یا توڑ پھوڑ نہیں ہوئی ہے، واک ان انٹرویوز ٹیکنیکل اسٹاف کی بھرتیوں کے لئے تھے جو کینسل ہوگئے تھے، دوسرے شہروں سے امیدوار انٹرویوز کے لئے آئے ہوئے تھے جنہیں سمجھا کر بھیج دیا ہے۔