پولیس اہلکاروں کو ڈیوٹی پر بغیر وردی آنے، جانے کا حکم

July 05, 2020

آئی جی سندھ مشتاق مہر نے دو روز قبل منظور کالونی میں شہید ہونے والے پولیس اہلکار کے قتل کے واقعے کے بعد اہلکاروں کو ڈیوٹی پر آنے اور جانے کے دوران پولیس وردیاں نہ پہننے کی ہدایات جاری کر دی ہے۔

آئی جی سندھ کی جانب سے جاری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ تمام افسران اور اہلکار وردی پہن کر ڈیوٹی پر آنے اور جانے سے گریز کریں۔

حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ ڈیوٹی پر آتے اور جاتے ہوئے مختلف راستوں کا انتخاب کریں، ڈیوٹی کے علاوہ جو بھی افسر یا اہلکار وردی میں پایا گیا تو سخت محکمانہ کارروائی ہوگی۔

آئی جی سندھ کی جانب سے حکم نامے میں افسران و اہلکاروں کو سیکیورٹی کا خاص خیال رکھنے کی بھی ہدایت جاری کی گئی ہے۔