حکومت مندر کا معاملہ خوش اسلوبی سے حل کرنے کی خواہشمند، نورالحق قادری

July 05, 2020

وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری نے کہا ہے کہ حکومت چاہتی ہے کہ اسلام آباد میں مندر کا معاملہ خوش اسلوبی سے حل ہو۔

نورالحق قادری نے گوردوارہ بھائی جوگا سنگھ کا دورہ کیا اور سانحہ شیخوپورہ پر سکھ برداری سے تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مذہبی امور کہا کہ حکومت نے شیخوپورہ سانحہ کی رپورٹ طلب کی ہے۔

ان کہنا تھا کہ میتیں پشاور منتقل کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے ہیں۔

اسلام آباد میں مندر کی تعمیر پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 2017 میں اسلام آباد میں ہندو کمیونٹی کو پلاٹ الاٹ کیا گیا تھا۔

نور الحق قادری کا کہنا تھا کہ اقلیتوں کی عبادت گاہوں کی تزئین و آرائش کے لیے حکومت کے پاس فنڈز ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مندر کی تعمیر کے معاملے کو وزیراعظم خود دیکھ رہے ہیں، جبکہ اس معاملے کو اسلامی نظریاتی کونسل کو بھیج رہے ہیں۔

نور الحق قادری کا کہنا تھا کہ حکومت چاہتی ہے کہ یہ معاملہ خوش اسلوبی سے حل ہو۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ مذہبی عبادت گاہیں امن کی علامت ہوتی ہیں۔