یاسر نواز نے سندھ و وفاق کو کس طرف توجہ دلائی؟

July 06, 2020

پاکستان فلم و ٹی وی انڈسٹری کے معروف اداکار و پروڈیوسر یاسر نواز نے کہا ہے کہ ریستوران بند ہونے کی وجہ سے لاکھوں افراد بے روزگار ہوگئے ہیں، سندھ اور وفاقی حکومت دونوں کو اس اہم مسئلے پر غور کرنا چاہیے۔

فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر یاسر نواز نے ایک گرافکس تصویر پوسٹ کی جس میں ریستوران اور کیفے سے وابستہ ملازمین کی موجودہ صورتحال کو دِکھایا گیا ہے۔

تصویر پوسٹ کرتے ہوئے یاسر نواز نے لکھا کہ ’گزشتہ 4 ماہ سے پاکستان بھر میں ریستوران اور کیفے وغیرہ بند ہیں اور تقریبا 25 لاکھ افراد ریستوران کی ملازمت سے وابستہ ہیں جن میں سے زیادہ تر ملازمین تو روزانہ کی ملنے والی ٹپس سے اپنا گھر چلاتے تھے۔‘

یاسر نواز نے لکھا کہ ’اِس لاک ڈاؤن کی وجہ سے بہت سارے کیفے تو مکمل طور پر بند ہوگئے ہیں جس کا مطلب یہ ہے کہ بہت سے لوگوں نے تو مکمل طور پر اپنی ملازمت کھو دی ہے۔‘

اداکار نے سندھ حکومت اور وفاقی حکومت کو مشورہ دیتے ہوئے لکھا کہ ’آپ دونوں حکومتوں کو اِس اہم مسئلے پر غور و فکر کرنا چاہیے۔‘

یاسر نواز کی اِس معنی خیز پوسٹ پر سینئر اداکارہ شگفتہ اعجاز نے کمنٹ کرتے ہوئے صورتحال پر دُکھ کا اظہار کیا جبکہ اداکار نوید رضا نے یاسر نواز کی حمایت کی۔

واضح رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے پیشِ نظر ملک بھر کے تمام ریستوران، ہوٹل اور کیفے بند ہیں جس کی وجہ سے ریستوران ملازمین بے روزگاری کا شکار ہوگئے ہیں اور اُنہیں اپنا گھر چلانے کے لیے کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔