7/7دھماکوں کی برسی پر میئر لندن نے میموریل پر پھول چڑھائے

July 08, 2020

لندن (پی اے) میٹرو پولیٹن پولیس کمشنر کریسڈا ڈک اور میئر لندن صادق خان نے7جولائی2007ء میں ہونے والی دہشت گردی کی15ویں برسی کے موقع پر ہائیڈ پارک میں7/7میمو ریل پر پھول چڑھائے۔ برٹش ٹرانسپورٹ پولیس چیف کانسٹیبل پال کروتھر، سٹی آف لندن پولیس کمشنر ایان ڈاسٹین اور ٹرانسپورٹ فار لندن (ٹی ایف ایل) کمشنر مائیک برائون بھی اس گروپ میں شامل تھے جس نے بم دھماکوں کا شکار ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ یہ خراج عقیدت صبح8:50پر اس وقت پیش کیا گیا جب بم دھماکے ہوئے تھے۔ صادق خان کے پیغام میں تھا کہ15سال گزر چکے لیکن ان حملوں میں جن52افراد نے اپنی جانیں گنوائیں وہ آج بھی ہمارے دلوں میں موجود ہیں، جو ہماری کمیونٹیز کو تقسیم اور ہمارے طرز زندگی کو تباہ کرنا چاہتے ہیں، وہ کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ دوسرے گروپ میں لندن فائر بریگیڈ کمشنر اینڈی روئی اور لندن ایمبولینس سروس چیف ایگزیکٹو گاریٹ ویمرسن شامل تھے جس نے یادگار پر پھول چڑھائے۔ سہ پہر میں7جولائی کے بم دھماکوں میں ہلاک ہوئے اور زندہ بچ جانے والے افراد کی فیملیز کے لیے ایک علیحدہ ورچوئل سروس مستفید کی گئی، میئر لندن صادق خان نے دارالحکومت میں بم دھماکوں کی15ویں برسی کے موقع پر ہائیڈ پارک لندن میں میموریل پر پھول چڑھائے۔