میٹرو بس منصوبہ، 2 ارب کی ادائیگیاں تاحال نہ ہوسکیں

July 08, 2020

راولپنڈی ( اپنے نامہ نگار سے) راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس منصوبہ پر کام کرنے والی کنسٹرکشن کمپنیوں ، فرموں کو تین سال بعد بھی دو ارب روپے سے زائد کے واجبات نہیں مل سکے ، آرڈی اے کی طرف سے اس رقم کے اجراء کیلئے بار بار اپنی وزارت کے ذریعے متعلقہ حکام کو خطوط لکھے جا رہے ہیں مگر اعتراضات لگا دیئے جاتے ہیں۔آرڈی اے ذرائع کے مطابق 2018ء میں اس منصوبہ کیلئے وفاقی اور پنجاب حکومت کی طرف سے ملنے والے دو ارب ساڑھے دس کروڑ روپے کے فنڈز لیپس ہو گئے تھے جبکہ اس دوران آرڈی اے نے این ایل سی کو تقریباً سوا ارب روپے کی ادائیگی کرنا تھی جو آج تک نہیں ہو سکی ۔ منصوبے کے پیکیج تھری کی کنسٹرکشن کمپنی لی میک ریلائے ایبل کو 350ملین روپے، حبیب کنسٹرکشن کمپنی پیکیج ون اور بس ڈپو کے ساڑھے تین سو ملین روپے اورزیڈ کے بی کے بھی بقایا جات ہیں جن کی ادائیگی نہیں ہو سکی ہے ۔آرڈی اے ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کی طرف سے ملنے والی رقم میں سے 401ملین روپے جبکہ پنجاب حکومت کی طرف سے ملنے والی رقم میں سے 1703ملین روپے کی رقم لیپس ہو گئی تھی ، متعلقہ حکام کو خطوط لکھنے کے باوجود وہ رقم جاری نہیں ہو سکی بلکہ اس پر اعتراضات لگادیئے جاتے ہیں کہ اس رقم کی ری اتھارائزیشن نہیں ہو سکتی یہ رقم بجٹ میں مختص کروانا پڑے گی، رواں مالی سال کے بجٹ میں بھی یہ رقم مختص نہیں کی گئی ہے ۔