پاک چین ووکیشنل اسکولز کیلئے سامان کی فراہمی کے معاہدے پر دستخط

July 08, 2020

پاک چین ووکیشنل اسکولز کے لیے کمپیوٹرز اور دیگر سامان کی فراہمی کے معاہدے پر دستخط ہوگئے۔

معاہدے پر دستخط کی تقریب وزارت اقتصادی امور میں ہوئی جس میں چین کے سفیر یاؤ جنگ نے شرکت کی۔

حکومت پاکستان کی طرف سے معاہدے پر دستخط سیکرٹری اقتصادی امور نور احمد نے کئے۔

اقتصادی امور ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پراجیکٹ پر 4 ملین ڈالر کی لاگت آئے گی، چین پاکستان کے نیشنل ووکیشنل وٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کو سامان وفنی تربیت مہیا کرے گا۔

اعلامیہ میں بتایا گیا کہ پراجیکٹ کے تحت 17 ووکیشنل اسکولوں کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔

اس موقع پر چینی سفیر یاؤ جنگ نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ ہر شعبے میں تعاون جاری رکھے گا۔