بجلی کی بندش کیخلاف تاجروں کا احتجاج‘جناح روڈ بلاک کردیا

July 09, 2020

کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر) بجلی کی بندش کے باعث جناح روڈ کے تاجروں نے احتجاج کرتے ہوئے سڑک بلاک کردی جس سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق میڈیکل اسٹور مالکان اور تاجران نے دور روز سے جناح روڈ پر بجلی کی بندش کے خلاف سڑک کو بلاک کر کے منان چوک پر شدید احتجاج کیا جس کے باعث شہر بھر میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا اورگاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں ۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ جناح روڈ پر دو روز سے بجلی بند ہے جس کے بارے کیسکو حکام کو کئی بار آگاہ کیا مگر کوئی شنوائی نہیں ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ہی شہر بھر میں وولٹیج کی کمی کے باعث الیکٹرک آلات اور گھریلو سامان جل گیا مگر کیسکو حکام کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی ۔اس موقع پر پولیس و کیسکو حکام کی یقین دہانی پر مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔