فرنیچرکے کاروبار سے منسلک افرا د کو بھی غیر معمولی صورتحال کا سامنا

July 10, 2020

پشاور (وقائع نگار) خیبر پختونخوا فرنیچر ایسوسی ایشن کے نائب صدر حاجی محب اللہ نے وزیر اعلی خیبر پختونخوا سے مطالبہ کیا ہے کہ کورونا وباکے دوران لاک ڈاون کی وجہ سے دیگر شعبہ ہائے زندگی کی طرح فرنیچرکے کاروبار سے منسلک ڈیلروں ، دکانداروں اور کارخانہ داروں کو بھی غیر معمولی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا ہے، جس کے نتیجے میں فرنیچر کی صنعت میں کام کرنے والے ہزاروں کارکنوں،دکانداروں،کارخانہ داروں اور ڈیلروں کو بھی معاشی مسائل کا سامنا کرنا پڑا ہے، دکاندارون اور ڈیلروں کیلئے دکانوں کے کرائے بوجھ بن چکے ہیں، تنخواہیں ادا نہ ہونے کی وجہ سے کارکنوں کے گھروں میں فاقوں کی نوبت آئی ہے۔انہوں نے کہا وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے مختلف صنعتوں کے لئے ریلیف پیکجز کے اعلانات کئے لیکن فرنیچر کے صنعت کے لئے نہ تو وفاق نے کچھ کیا اور نہ ہی خیبر پختونخوا حکومت نے،حاجی محب اللہ نے وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان سے مطالبہ کیا کہ فرنیچر کی صنعت کے لئے ہنگامی بنیادوں پر امدادی پیکج کا اعلان کیا جائے تاکہ اس شعبے سے وابستہ کاروباری افراد اور کارکنوں کے مسائل کا ازالہ ہوسکے۔