وژن ہے کہ EOBI کی پینشن 15 ہزار تک لے جائیں، ذلفی بخاری

July 10, 2020

معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز ذلفی بخاری کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا وژن ہے کہ ای او بی آئی کی پینشن 15 ہزار تک لے کر جائیں۔

ای او بی آئی اور یوٹیلٹی اسٹورز کے درمیان سہولت کارڈ معاہدے کی تقریب ہوئی، معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز ذلفی بخاری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ای او بی آئی کی پینشن بڑھا کر 8500 کردی ہے۔

ذلفی بخاری نے کہا کہ یوٹیلٹی اسٹور سہولت کارڈسے پنشنرز کو مزید ایک ہزار روپے کا ریلیف ملے گا، ای او بی آئی اور یوٹیلٹی اسٹورز کا شکرگزار ہوں کہ عوام کو سہولت دے رہے ہیں۔

چیئرمین یوٹیلٹی اسٹورز ذوالقرنین علی خان نے دستخطی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی خواہش تھی کہ جن کی ماہانہ آمدنی 25 ہزار سے کم ہے انہیں ریلیف دیا جائے، ای او بی آئی کے ساتھ مل کر کم آمدنی والے افراد کو سہولت دے رہے ہیں۔

چیئرمین یوٹیلٹی اسٹورز نے کہا کہ سہولت کارڈ سے بنیادی ضروری اشیا رعایتی نرخ پر فراہم کی جائیں گی، ای او بی آئی سے رجسٹرڈ مستحق افراد سہولت کارڈ حاصل کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ای او بی آئی سہولت کارڈ کو نادرا سے تصدیق کے بعد مستحقین کو جاری کیا جائے گا، ہیلپ لائن نمبر 5566 ڈائل کرکے بینیفیشری خود کو رجسٹر کرسکے گا۔

ذوالقرنین علی خان نے کہا کہ پنجاب میں آٹے کی قیمت 860 روپے فکس کی گئی ہے، اس وقت تمام اشیائےخوردنوش کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں جبکہ وزیر اعظم نے یوٹیلٹی اسٹورز کو اشیا کی قیمتیں بڑھانے سے منع کیا ہے۔

اُن کا کہنا ہے کہ اس وقت قیمتوں کو فکس رکھنا ایک چیلنج ہے، اشیائے خوردونوش کی قیمتیں وزیر اعظم کی ہدایت کےبغیر نہیں بڑھائیں گے۔