کارکن باچا خان بابا کے فلسفہ عدم تشدد پر کاربندرہیں ،پشتون ایس ایف

July 11, 2020

کوئٹہ(آئی این پی) پشتون سٹوڈنٹس فیدریشن کے صوبائی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ کارکن باچا خان بابا کے فلسفہ عدم تشدد پر کاربند رہتے ہوئے لڑائی جھگڑے سے گریز کریں اور تنظیم کے اندر مزید جمہوری اور تنظیمی رویے کو فروغ دیں۔ بیان میں گزشتہ روز بعض غیر تنظیمی عناصر کی جانب سے پشتون ایس ایف کے صوبائی چیئرمین عالمگیر مندوخیل کے ساتھ پیش آنے والے واقعے پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا گیا کہ جب دلائل، جمہوری و تنظیمی عمل کے ذریعے بعض غیر سیاسی عناصر تنظیم پر حاوی نہیں ہو پاتے اور اپنا غیر سیاسی اور غیر نظریاتی ایجنڈہ نہیں مسلط کراسکتے تو وہ تذبذب کا شکار ہوکر اپنا وجود ثابت کرنے کے لئے بدنظمی، تشدد اور انتہاپسندی کا سہارا لیتے ہیں۔ گزشتہ روز پیش آنے والا افسوسناک واقعہ اس بات کا کھلم کھلا ثبوت ہے۔ اس واقعے کے سرکردہ محکمہ خوراک میں ملازم ظفر علی عرف معصوم پیرعلیزئی کا پشتون سٹوڈنٹس فیڈریشن سے کوئی تعلق نہیں لہذا صوبائی تنظیم کے تمام یونٹوں و اراکین کو تاکید کی جاتی ہے کہ مذکورہ شخص سے کوئی تنظیمی وابستگی نہ رکھیں بصورتِ دیگر ایسے اراکین کے خلاف آئین کے تحت سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ تنظیم جانتی ہے کہ اس طرح کے عمل پر جونیئر طلبا کو اکسانے پر کون اپنے مکروہ عزائم و مقاصد حاصل کر رہے ہیں۔