عائشہ خان کا شوہر کیلئے محبت بھرا پیغام

July 11, 2020

شوبز انڈسٹری کو خیر باد کہنے والی پاکستانی اداکارہ عائشہ خان نے سوشل میڈیا پر اپنے شوہر میجر عقبہ کے لیے محبت بھرا پیغام جاری کیا ہے۔

عائشہ خان نے اپنے شوہر میجر عقبہ کی سالگرہ کے موقع پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر شوہر کے ہمراہ اپنی ایک تصویر پوسٹ کی ہے اور اُس کے ساتھ ہی میجر عقبہ کے لیے محبت بھرا پیغام بھی لکھا ہے۔


عائشہ خان نے اپنے شوہر کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ ’میری زندگی کو اپنے پیار اور محبت سے روشن کرنے کے لیے آپ کا بہت شکریہ۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’آپ نے ہمیشہ مجھے اپنے وعدے سے بڑھ کر خوشیاں دی ہیں اور میں اس کے لیے آپ کی بےحد شُکر گزار ہوں۔‘

عائشہ خان نے مزید لکھا کہ ’واقعی میں میری ہر خوشی صرف آپ سے ہے۔‘

واضح رہے کہ 15 اپریل 2018 کو عائشہ خان اور میجر عقبہ ایک سادہ مگر پروقار تقریب میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے جس میں عزیز و اقارب سمیت قریبی دوستوں نے شرکت کی تھی۔

اُن کے ہاں گزشتہ سال 12 ربیع الاول کو بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی جس کا نام اُنہوں نے ’ماہ نور‘ رکھا۔