امریکہ میں غیرملکی صحافیوں کے ویزوں کی تجدید میں مشکلات

July 12, 2020

اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی) امریکی حکومت کی سفری پابندیوں کے سبب امریکہ میں کام کرنے والے غیر ملکی صحافی مشکل میں پڑگئے۔ تفصیلات کے مطابق امریکی خبررساں ادارے میں کام کرنے والے تقریباً 76 غیر ملکی صحافیوں میں سے جن کے ویزے اس مہینے ختم ہو رہے ہیں‘ خدشہ ہے کہ ان میں سے اکثر کے ویزوں کی تجدید نہ ہوسکے اور انہیں اپنے ملکوں کو واپس لوٹنا پڑے۔ انتظامیہ کا خیال ہے اس طرح کے ویزے رکھنے والے افراد نے امریکی شہریوں کی ملازمتیں لے لی ہیں۔ امریکی ایجنسی فار گلوبل میڈیا کے ایک ترجمان کے مطابق ایجنسی جے ون ویزے کی تجدید سے متعلق ہر معاملے کا علیحدہ علیحدہ جائزہ لے رہی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایجنسی کے پاس اس وقت ایسے 62 کنٹریکٹر اور 14 کل وقتی ملازم کام کر رہے ہیں جو امریکہ میں جے ون ویزا پر ہیں۔ یو ایس اے جی ایم کے دوسرے اداروں میں کام کرنے والے صحافیوں کی ایک نامعلوم تعداد بھی اس صورتحال سے متاثر ہو سکتی ہے۔ اس وقت تک کسی بھی صحافی کی اپنے جے ون ویزے کی تجدید کی درخواست مسترد نہیں کی گئی۔