لاہور ایکسپو سینٹر فیلڈ اسپتال میں کورونا کا کوئی مریض نہیں رہا ، یاسمین راشد

July 12, 2020


وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ ایکسپو فیلڈ اسپتال میں 990 بیڈز کا آئسولیشن وارڈ بنایا گیا تھا، تاہم اب ایکسپو سینٹر اسپتال میں کوئی مریض نہیں رہا۔

محکمہ صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ ایکسپو سینٹر لاہور کے فیلڈ اسپتال میں زیرعلاج تمام مریض ڈسچارج ہو گئے ہیں، جس کے بعد ایکسپو سینٹر فیلڈ اسپتال کے تینوں ہالز کو بند کردیا گیا ہے۔

یاسمین راشد نے کہا کہ اسپتال کے لیے 110 ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈکس کو مختص کیا گیا تھا، ایکسپو سینٹر میں 300 بیڈ پر آکسیجن کی سہولت موجود ہے اور محرم تک ایکسپو سینٹر کا اسپتال قائم رہے گا۔

وائس چیئرمین ایڈوائزری بورڈ ڈاکٹر اسد اسلم کا کہنا ہے کہ لاہور میں کورونا مریضوں میں واضح کمی آئی ہے، کورونا کےلیے مختص 3 ہزار بیڈ میں سے 27 سو بیڈ خالی ہیں، جبکہ 22 بیڈ، 4 سو ایچ ڈی یو کے بیڈ اور 110 وینٹی لیٹر کے بیڈ خالی ہیں۔

سیکرٹری صحت پنجاب نبیل اعوان نے کہا کہ ایکسپو سینٹر فیلڈ اسپتال کےڈاکٹرز اور اسٹاف کو میو اسپتال بھیج دیاگیا ہے۔

نبیل اعوان نے کہا کہ عید کے بعد کورونا وائرس کی ایک اور لہرآنے کا خدشہ ہے، جبکہ اگر مریض رپورٹ نہ ہوئےتو اگست کے آخرمیں ایکسپواسپتال مکمل بند کرنے کا فیصلہ کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ ایکسپو سینٹر فیلڈ اسپتال کا بل بھیجا گیا ہے اس میں ایکسپو سینٹر کا کرایہ بھی شامل ہے، بجلی اور دیگر بلوں کی مد میں دو کروڑ روپے بنتے ہیں۔

سیکرٹری صحت نے کہا کہ اپریل میں ایکسپو سینٹر لیتے وقت واضح کیا گیا تھاکہ کرایہ نہیں لیا جائے گا، جبکہ صفائی، سکیورٹی اور دیگر انتظامات کےاخراجات محکمہ صحت کو برداشت کرنا تھے۔