اثاثہ جات کیس، غلام سرور اور فیملی کی جائیدادوں کا ریکارڈ نیب کے حوالے

July 13, 2020

غلام سرور کی جائیدادوں کا ریکارڈ نیب کے حوالے

راولپنڈی (جنگ نیوز) وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان کیخلاف اثاثہ جات کیس میں اہم پیشرفت ہوئی جس میں محکمہ ریونیو پنڈی نے ریکارڈ نیب کے حوالے کر دیا۔

ذرائع کے مطابق محکمہ ریونیو پنڈی نے غلام سرور خان کے اثاثوں کا ریکارڈ نیب کے حوالے کر دیا۔ غلام سرور، اہلیہ اور بچوں کی زرعی، کمرشل اور رہائشی جائیدادوں کا ریکارڈ نیب کی تفتیشی ٹیم کو پیش کر دیا گیا۔

نیب نے ایف بی آر اور الیکشن کمیشن سے غلام سرور خان کا ریکارڈ لینے کا فیصلہ کیا ہے، نیب ذرائع کے مطابق تمام اداروں سے ریکارڈ ملنے کے بعد غلام سرور خان کے اثاثوں کا تقابلی جائزہ لیا جائے گا۔