کوئی نواب اورسردار ترقی و خوشحالی کے خلاف نہیں، قبائلی معتبرین

July 13, 2020

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان کے قبائلی معتبرین نے کہا ہے کہ کوئی نواب اور سردار ترقی اور خوشحالی کے خلاف نہیں ، دستار بندی قبائلی نظام کے مطابق ہی کی جاسکتی ہے ۔یہ بات چیف آف زگر سردار آصف مینگل ، سردار ثناء اللہ بارانزئی مینگل ، میر شاہجہان گرگناڑی ، میرہمایوں عزیز کرد ، میرمحمد صادق بارانزئی ، مولانا محمداشفاق ، میر عبدالغفار رئیسانی ، میر غلام رسول مینگل ، میرنصرالدین بارنزائی اور سائیں عطاء اللہ نے اتوار کو سردار ثناء اللہ بارنزائی مینگل کی تقریب دستار بندی سے خطاب میں کہی ۔ تقریب میں چیف آف زگر سردار آصف مینگل اور دیگر قبائلی معتبرین و ٹکریوں نے سردار ثناء اللہ بارنزائی مینگل کی دستاربندی کی ۔مقررین نے کہا کہ سردار عثمان بارنزائی مینگل نے اپنی زندگی میں سردار ثناء اللہ بارنزائی مینگل کو سردار مقرر کرکے ایک اچھا فیصلہ کیا جسے ہم سب تسلیم کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں صدیوں سے قبائلی نظام چلا آرہا ہے قبائلی نظام میں حق اور سچ کو سامنے رکھتے ہوئے فیصلے کئے جاتے ہیں،بلوچستان میں آباد تمام قبائل کے نواب ، سردار ، اور معتبرین کی دستار بندی رسم و رواج کے مطابق کی جاتی ہے ہم کسی بھی سرکاری سردار یا نواب کو تسلیم نہیں کرتے ہمارا سردار اور نواب وہی ہے جس کی باقاعدہ قبائلی نظام کے تحت دستار بندی کی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچ نوجوانوں کو تعلیم کے حصول پر خصوصی توجہ دینی چاہئے۔تعلیم کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کرسکتی ہم تعلیم کے مخالف نہیں بلکہ اپنے نوجوانوں کو تعلیم حاصل کرتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں ۔