بدین: مبینہ خودکشی کرنے والے نوجوان وکرم کے پوسٹمارٹم میں تاخیر پر ورثا مشتعل

July 13, 2020


بدین میں مبینہ خودکشی کرنے والے نوجوان وکرم کے پوسٹمارٹم میں تاخیر پر ورثا مشتعل ہوگئے، 17 گھنٹوں کے انتظار کے بعد لاش پوسٹمارٹم کے بغیر ہی اپنے ساتھ لے گئے۔

اس حوالے سے راجو خانانی سرکاری اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر نیاز تالپور نے جیو نیوز کو بتایا کہ اتوار کی چھٹی اور سہولیات کے فقدان کے باعث پوسٹ مارٹم میں تاخیر ہوئی۔

پولیس کی بھاری نفری دوبارہ متاثرہ خاندان کے پاس گئی جہاں سے لاش کو لے کر اسے دوبارہ اسپتال منتقل کیا گیا۔

تاہم گزشتہ شام راجو خانانی کے قریب مبینہ خودکشی کرنے والے 25 سالہ وکرم کی لاش کا بالآخر 17 گھنٹوں بعد پوسٹ مارٹم ہوگیا ہے۔

پوسٹ مارٹم مکمل ہونے کے بعد ورثا آخری رسومات کی ادائیگی کے لیے لاش اپنے ساتھ لے گئے۔