کشتی ڈوبنے والی ،کئی ارکان نے چھلانگ لگانے کی تیاری کر لی ،اختیارولی

July 15, 2020

پشاور(نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے صوبائی ترجمان اختیار ولی خان نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی کشتی ڈوبنے والی ہے حکمرانوں کی کشتی سے کئی ارکان اسمبلی نے چھلانگ لگانے کی تیاری مکمل کر لی ہے حکمران جماعت کے بعض ارکان اسمبلی اور کئی رہنما مسلم لیگ سے رابطہ میں ہیں۔ ملک کو مزید تباہی سے بچانے کے لئے نئے انتخابات ملک کی ضرورت بن چکے ہیں۔ عوام نے ملک کو سنوارنے کے لئے مسلم لیگ کا ساتھ دینے کا تہیہ کر لیا ہے۔ مسلم لیگ نئے انتخابات میں کلین سویپ کرے گی اور مرکز و چاروں صوبوں میں مسلم لیگ کی حکومت ہو گی جس کے بعد ترقی و خوشحالی کے رکے ہوئے سفر کا ازسر نو آغاز ہو گا۔ اختیار ولی خان نے مسلم لیگ کے پراونشل سیکرٹریٹ میں مسلم لیگ لائرز فورم یوتھ ونگ اور فیڈریشن کے عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے والے میاں محمد نواز شریف اور ملک کو سنوارنے والے مسلم لیگ کے قائدین کو احتساب کے نام پر انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جبکہ آٹے چینی و پٹرول بحران میں عوام کی جیبوں پر اربوں روپے کا ڈاکہ ڈالنے اور بی آر ٹی، بلین ٹریز و مالم جبہ سکینڈل میں اربوں روپے کی کرپشن کرنے والے قومی مجرم اقتدار کے مزے اڑا رہے ہیں اگر آزادانہ احتساب ہوا تو وزیراعظم عمران نیازی وفاقی وزیر پرویز خٹک اور آدھے سے زائد وزرا جیلوں میں ہوں گے۔