احساس ایمرجنسی کیش کا دائرہ بڑھایا جارہا ہے، ثانیہ نشتر

July 16, 2020

معاون خصوصی ثانیہ نشتر کا کہنا ہے کہ احساس ایمرجنسی کیش کا دائرہ بڑھایا جارہا ہے جس کے بعد 203 ارب احساس ایمرجنسی کیش کا بجٹ ہوگا۔

ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے اپنے ایک بیان میں ا حساس ایمرجنسی کیش سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ احساس پروگرام پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا سماجی تحفظ کا پیکج ہے، عالمی سطح پر سماجی تحفظ کے پروگرام کو بہت پزیرائی مل رہی ہے۔

ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ غیر سیاسی بنیادوں پر کام ہو رہا ہے، سندھ سب سے زیادہ احساس ایمرجنسی کیش پروگرام سے مستفید ہو رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ا حساس ایمرجنسی کیش کا دائرہ کار بڑھاتے ہوئے ایک کروڑ 69 لاکھ افراد کو رقم فراہم کرنے تک احساس کیش پروگرام جاری رہے گا۔

ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم بار بار تاکید کرتے ہیں کہ تمام کام میرٹ پر کرنا ہے، جن افراد کو بائیو میٹرک سے متعلق مسائل ہیں ان کو الگ سے میسج بھیجا جاتا ہے۔