کراچی: شادی میں ہوائی فائرنگ، 2 بچوں سمیت 3 افراد زخمی

July 17, 2020


کراچی میں لاک ڈاؤن کے باوجود لانڈھی شرافی گوٹھ میں شادی کی تقریب منعقد کی گئی جس میں ہوائی فائرنگ سے 2 بچوں سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔ زخمی شخص کے مطابق پولیس نے شادی کی تقریب کی اجازت دی تھی۔

پولیس کے مطابق شرافی گوٹھ، فیوچر کالونی میں شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ سے 3 افراد زخمی ہوگئے جن کی شناخت احمد علی 12 سالہ، ولی شاہ 10 سالہ اور فیصل 33 سالہ کے نام سے ہوئی ہے۔

زخمی فیصل نے بیان میں جیو نیوز کو بتایا کہ شادی کی تقریب گلی میں کی جارہی تھی جس کی اجازت پولیس نے دی تھی۔ شادی کی تقریب میں کسی نے ہوائی فائرنگ کی جس سے وہ اور 2 بچے زخمی ہوگئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے 9 ایم ایم پستول کے خول تحویل میں لیکر گواہوں کے بیانات قلمبند کرلئے گئے ہیں۔ ہوائی فائرنگ کرنے والے ملزم کی تلاش کی جارہی ہے۔